Page Nav

HIDE

Grid

GRID_STYLE

تازہ ترین:

latest

میرا بیٹا بے قصور ہے

’میرا بیٹا بے قصور ہے وہ منگل کے دن اسکول سے واپسی کے بعد ہشت نگری چکہ گلی میں سستے داموں پرانی کتابیں خریدنے گیا تھا کہ تحریک انصاف کے احتج...

’میرا بیٹا بے قصور ہے وہ منگل کے دن اسکول سے واپسی کے بعد ہشت نگری چکہ گلی میں سستے داموں پرانی کتابیں خریدنے گیا تھا کہ تحریک انصاف کے احتجاج میں پھنس گیا اور پولیس نے اسے گرفتار کر لیا‘۔

55 سالہ مناسب خان اپنے 14 سالہ بیٹے زکریا کی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے سر توڑ کوششوں میں مصروف ہے۔ گزشتہ روز ان کا پورا دن پولیس لائن میں افسران کو درخواستیں دیتے گزر گیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

مناسب خان کے مطابق زکریا آٹھویں جماعت کا طالب علم ہے اور مدرسے سے حفظ بھی کر رہا ہے۔ اس کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں لیکن پولیس ان کی بات ماننے کو تیار نہیں۔

مناسب خان پشاور کے دالہ زاک روڈ کے نسبتاً پسماندہ علاقے غریب آباد کا رہائشی اور تبلیغی جماعت سے وابستہ ہے۔ محنت مزدوری کرکے گزر بسر کرتے ہیں۔

مناسب خان نے وی نیوز کو بتایا کہ ’ہمارے خاندان کا کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں، میں خود تبلیغ سے وابستہ ہوں بچے اسکول آکر مدرسے جاتے ہیں۔

ناسب خان کے مطابق 9 مئی کے روز زکریا اسکول سے واپسی کے بعد پرانی کتابین خریدنے کے لیے ہشت نگری گیا تھا۔ اس دوران وہاں مظاہرہ شروع ہو گیا۔ بتایا کہ وہ خود بھی تبلیغی جماعت سے واپسی پر مظاہرے کے باعث تاخیر سے گھر پہنچے اور بچے کو تلاش کرنا شروع کر دیا۔

مناسب خان کا کہنا ہے ہماری سوچ میں بھی یہ بات نہیں تھی کہ میرے بیٹے کو مظاہرے میں جانے اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ تاہم گرفتاری کا رات 12 بجے پتا چلا۔ دوسرے دن عدالت گیا، وکیل نے 10 ہزار روپے لیے اور عدالت سے مختلف دفعات میں ضمانت حاصل کر لی لیکن شام کو پھر بھی پشاور سینٹرل جیل سے رہائی نہیں ملی اور بتایا گیا کہ تھری ایم پی او میں ضمانت نہیں ہوتی۔

مناسب خان کہتے ہیں کہ انہیں بتایا گیا کہ تھری ایم پی او کے لیے انہیں ہائیکورٹ سے رجوع کرنا پڑے گا لیکن مالی مشکلات کے باعث وہ یہ نہیں کر سکے۔ کہا میں مزدوری کرتا ہوں ایک بیٹا سڑکوں پر خوشبو اور مسواک فروخت کرتا ہے۔ ہائیکورٹ جانے کے لیے وکیل اور دوسرے خرچے برداشت نہیں کر سکتے۔ لوئیر کورٹ میں وکیل فیس اور دیگر اخراجات ملا کر 15 ہزار روپے لگ چکے ہیں، اب مزید گنجائش نہیں ہے۔

مناسب خان نے بتایا کہ ہشت نگری پولیس نے توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں مظاہرین کو گرفتار کیا اور مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرکے جیل منتقل کر دیا۔ زکریا کی گرفتاری کے بعد اس ماں کی حالت بہت خراب ہے وہ ہر وقت روتی رہتی ہے ادھر بیٹا بھی جیل میں رو رہا ہے۔

مناسب خان نے بتایا کہ ان کا بیٹا بے قصور ہے اور جلاؤ گھیراو یا توڑ پھوڑ میں ملوث نہیں اور نہ ہی اس سے امنِ عامہ کو کوئی خطرہ ہے۔ بتایا کہ اب اسکول اور مدرسے سے سرٹیفیکٹ لیا ہے اور پولیس حکام کو تھری ایم پی او ہٹانے کے لیے درخواست دی ہے لیکن کوئی سننے کو تیار ہی نہیں۔ کہا ’اگر میرا بیٹا سیاسی جماعت کا ورکر ہوتا اور مظاہرے میں گیا ہوتا تو کبھی اس کی ضمانت نہ کراتا، وہ بے قصور ہے، اس لیے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہوں‘۔

کوئی تبصرے نہیں

ہم سے رابطہ