محترمہ عشرت آفریں .......... اداس شام گھنے پیڑ اور ہوا اور میں وہ ٹمٹماتا ہوا دور اک دیا اور میں شکستہ حال منڈیروں پہ ج...
محترمہ عشرت آفریں
..........
اداس شام گھنے پیڑ اور ہوا اور میں
وہ ٹمٹماتا ہوا دور اک دیا اور میں
شکستہ حال منڈیروں پہ جگنوؤں کا نزول
خیال و خواب کا ہلکا سا جھٹپٹا اور میں
وہ رات اور وہ سرگوشیاں بہاروں کی
وہ چھت وہ چاند وہ بادل وہ رتجگا اور میں
ملی دلی سی رضائی مڑا تڑا تکیہ
اور آنسوؤں کی امڈتی ہوئی گھٹا اور میں
پرانے گھر میں نئی زندگی کے ہنگامے
نیا نیا مرے کمرے کا آئینہ اور میں
دبی دبی سی ہنسی جامنی ڈوپٹّے بیچ
وہی شریر وہی باولی ہوا اور میں
وہ شب وہ شور وہ اندوہِ آگہی کا ہجوم
یہ دل یہ حسنِ تمنا کا معجزہ اور میں
اک انتظار مگر کس کا انتظار ہے اب
یہ دستکوں سے الجھتی ہوئی ہوا اور میں
بہت محیط بہت بےکراں خموشی میں
کلام کرتا ہوا بس مرا خدا اور میں
کوئی تبصرے نہیں